چغتائی فاونڈیشن کے زیر اہتمام کتاب کے عالمی دن کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقاد
جس میں ملک کے نامور محققین، دانشوروں، ادیبوں اور کاپی رائٹ کے قانونی ماہرین کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی
چغتائی فاونڈیشن کے زیر اہتمام چغتائی پبلک لائبریری نے کتاب کے عالمی دن کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔ جس میں ملک کے نامور محققین، دانشوروں، ادیبوں اور کاپی رائٹ کے قانونی ماہرین کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
تقریب میں ملک کے نامور قانونی ماہر سعد نصراللہ نے کاپی رائٹ کے قانون پر روشنی ڈالی۔ پروگرام میں پروفیسر وحید الزمان طارق صاحب اور ڈاکٹر طاہر حمید تنولی صاحب کی کتابوں کی رونمائی کی گئی۔
لائبریری کے زیراہتمام اختتام پزیر ہونے والے ارمغان حجاز فارسی کورس کے شرکا میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ بچوں کے سہ ماہی ادبی رسالہ “ننھے لکھاری” کا افتتاح بھی کیا گیا۔
تقریب میں سکول لائف فاونڈیشن کے ساتھ ایم او یو بھی سائن کیا گیا جس کے تحت لائبریری آن ویلز کی خدمات سکولوں میں فراہم کی جائیں گی۔
کنسلٹنٹ چغتائی پبلک لائبریریز ریحانہ کوثر نے لائبریری کے زیر اہتمام چلنے والے تمام پراجیکٹس بشمول دارالعلم کے اشتراک سے ڈیجیٹائز ہونے والی پندرہ ہزار نادر کتابوں اور ایشیا کی سب سے بڑی ذاتی لائبریری جھنڈیر میلسی میں چغتائی لائبریری کے تعاون سے جاری شدہ آٹومیشن کے بارے میں حاضرین کو تفصیلی آگاہ کیا جبکہ برصغیر کی نامور ذاتی کتب پر مشتمل گیلانی لائبریری کی طرف سے ڈاکٹرعروج گیلانی نے چغتائی لائبریری کے ساتھ اشتراک کے ذریعے ان نایاب کتابوں کو ڈیجیٹائز کرنے کا اعلان کیا۔ محترمہ ریحانہ کوثر نے ننکانہ صاحب میں نئی بننے والی لائبریری سے عوام کو پہنچنے والے فائدے کے پیش نظر تحصیل دیپالپور اور لاہور میں مزید ایک اور لائبریری بنانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دونوں لائبریریاں جون 2022 میں اپنی خدمات کا آغاز کر دیں گی۔ ڈائریکٹر آپریشنز محترم علی چغتائی صاحب اور ڈاکٹر رخسانہ چغتائی صاحبہ نے مہمانوں کو شیلڈز اور لائبریری ٹیم کو حسن کارکردگی پر ایوارڈ سے بھی نوازا۔
تقریب کے مہمانان اعزاز فرحان عزیز خواجہ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ، نامور مصور نذیر احمد، ڈاکٹر عروج گیلانی اور مختلف اداروں کے لائبریرینز، پبلشرز اور علم وادب سے وابستہ افراد نے شرکت کی اور چغتائی لائبریری کے معاشرے کے لئے احسن اقدامات کو بے حد سراہا۔