135

یونیک تقریب،موجودہ حکومت آرٹ اور کلچر کے فروغ کے لیے کوشاں ہے: میاں محمود الرشید

موجودہ حکومت آرٹ اور کلچر کے فروغ کے لیے کوشاں ہے: میاں محمود الرشید

لاہور. صوبائی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آرٹ اور کلچر کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے ڈاکٹر نثار احمد رانا آڈیٹوریم میں آرٹ اینڈ کرافٹ مقابلوں کے فاتح طلبا میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کا بھی حصہ بنانا چاہیئے جس سے ان کی سماجی تربیت میں مدد مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیک گروپ ہمیشہ طلبا کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دیگر مثبت سرگرمیوں کے ذریعے ان کی بہتر تربیت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یونیک گروپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو طلبا کی ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ آرٹ طلبا کی خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور اس ضمن میں ہونے والی تقاریب سے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا ملتی ہے اور ان کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں آرٹ جیسی تقریبات کا انعقاد کیا جانا چاہیئے اور اسی سے طلبا کو آگے بڑھنے کے مواقع حاصل ہو سکیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الحمرا آرٹس کونسل کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر ذوالفقار علی زلفی نے کہا کہ ملک میں آرٹ کا مستقبل روشن ہے اور یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے آرٹ مقابلوں سے تو یہ بات مزید واضح ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں جہاں دیگر تبدیلیاں رونما ہوئیں وہیں آرٹ کے شعبے کی اہمیت کو فروغ حاصل ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج ڈاکٹرز اور انجینئرز سے زیادہ آرٹسٹ کی مانگ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف ٹی وی آرٹسٹ راشد محمود نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی سے ہی اچھے آرٹسٹ سامنے آ سکتے ہیں اور اس ضمن میں یونیک گروپ کا کردار قابل ستائش ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی رکن صبا نذیر نے کہا کہ ملک میں لڑکیوں کو بھی وہی مواقع حاصل ہونے چاہیئے جو مردوں کو ہیں۔ تقریب میں یونیک گروپ کے 28کیمپسز کے 161طلبا کو 5لاکھ 37ہزارکے کیش پرائز دیے گئے ۔ تقریب تقسیم انعامات میں وائس چیئرمین یونیک گروپ عفیف اشرف صدیقی، ریکٹر یونیک گروپ پروفیسر امجد علی خان، ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چوہدری، مینیجر پرموشنز سپورٹس اینڈ ایڈمن پروفیسر ریاض الحق ، پرنسپل کوآرڈینیشن پروفیسر حماد ، پرنسپل آر اینڈ ڈی پروفیسر فرح سونم ، ہیڈ آرٹ اینڈ کرافٹ سیدہ افشاں اعجاز کے علاوہ پرنسپلز، اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔