معیشت کا فروغ اور اس کی سمت درست کرنا موجودہ حکومت کی اہم ترجیح ہے: میاں اسلم اقبال
تقریب میں ننھے بچوں نے مختلف خاکے اور نغمے پیش کئے جبکہ کامیاب بچوں کو انعامات پیش کئے گئے۔
لاہور ،صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کے فروغ اور اس کی سمت کو درست کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے جس سے نہ صرف پاکستان معاشی حوالے سے مستحکم ہوسکے گا بلکہ اس سے پاکستانی قوم کی معاشی مشکلات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان اقبال میں یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیسی اور کرپشن کے باعث ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر جاپہنچی ہے جس کے باعث پوری قوم کو مشکل وقت کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نہ صرف معیشت کی بحالی کے لئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے بلکہ سماجی شعبے کی بہتری کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں اور خصوصاً تعلیم و صحت کے شعبے کے فروغ کے لئے حکمت عملی وضع کی جارہی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خان نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے پاکستان کا مستقبل روشن ہوسکے گا اور تعلیم ہی سے نہ صرف سماجی شعبہ فروغ پاسکے گا بلکہ اس سے ملک معاشی حوالے سے بھی مستحکم ہوسکے گا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور کے اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما عفیف اشرف صدیقی نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک سے کرپشن کے خاتمے اور میرٹ کی پالیسی کو اپنانے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے نہ صرف ملک سے کرپٹ عناصر کا خاتمہ ہوسکے گا بلکہ اہل افراد ہی اہم عہدوں پر فائز ہوسکیں گے۔ تقریب میں ننھے بچوں نے مختلف خاکے اور نغمے پیش کئے جبکہ کامیاب بچوں کو انعامات پیش کئے گئے۔
127