110

پنجاب بھر کے مختلف تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا لڑکیاں بازی لے گئیں

پنجاب بھر کے مختلف تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا لڑکیاں بازی لے گئیں
انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو میں پہلی پوزیشنیں لڑکیاں لے اُڑیں،پوزیشن لینے والے سٹوڈنٹس کے ناموں کا اعلان لاہور بورڈ کے چئیرمین نے خصوصی پریس کانفرنس میں کیا۔
لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں انٹر کے نتائج کا اعلان، 3 طالبات کی پہلی پوزیشن،ملتان میں نجی کالج کی 3طالبات نے 1158نمبرز لے کرپہلی پوزیشن حاصل کی
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز کو کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔انہوں نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام طلباء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔مریم نواز نے انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرز کو مزید محنت اور لگن سے پڑھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے بچوں پر فخر ہے، پوری قوم ان کے لیے دعا گو ہے۔

لاہور بورڈ
لاہور میں کامیابی کا تناسب 60 اعشاریہ 45 فیصد رہا
لاہور میں مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 60 اعشاریہ 45 فیصد رہا، 1 لاکھ 90 ہزار 218 میں سے 1 لاکھ 14 ہزار 985 امیدوار پاس ہوئے۔پری میڈیکل میں 38 ہزار 198 امیدوار پاس ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 77 اعشاریہ 58 فیصد رہا۔پری انجینئرنگ میں 9 ہزار 528 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 73 اعشاریہ 58 فیصد رہا۔امتحانات میں 75 ہزار سے زائد امیدوار فیل ہوئے۔
انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات میں پہلی پوزیشن ردا فاطمہ نے حاصل کی ہے جن کے 1153 نمبر ہیں۔ کشف اجوا اور اسماء اعجاز 1152 نمبر حاصل کر کے دوسری پوزیشن پر آئیں۔عسیرم احمد نے 1150 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ لاہور بورڈ کے چئیرمین زید بن مقصود نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات میں ٹاپ پوزیشنیں حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس کے ناموں کا اعلان کیا۔
انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین لاہور بورڈ زید بن مقصود نے بتایا کہ کپس کالج کی ردا فاطمہ نے 1153 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول مریدکے کی کشف اجوا اور کپس کالج کی اسما اعجاز نے 1152 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے عسیرم احمد نے 1150 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔کنٹرولرامتحانات زاہد میاں اور سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان عزیز بھی پوزیشن لینے والے سٹوڈنٹس کے ناموں کے اعلان کے لئے کی گئی پریس کانفرنس مین موجود تھے۔ چیئرمین لاہور بورڈ کے چئیرمین زید بن مقصود نے ٹاپر سٹوڈنٹس کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک سٹوڈنٹ نے میٹرک کرنے کے تین سال بعد انٹرمیڈیٹ کیا اور پوزیشن حاصل کی۔ رولز کے مطابق میٹرک کے بعد دوسال میں انٹرمیڈیٹ کرنے والے پوزیشن کے اہل ہوتے ہیں۔
فیصل آباد: میمونہ کوثر کی پہلی پوزیشن
کنٹرولر امتحانات کے مطابق فیصل آباد میں 1 لاکھ 3 ہزار 269 میں سے 74 ہزار 154 امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب71.81 فیصد رہا۔فیصل آباد میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نجی کالج کی طالبہ میمونہ کوثر نے 1155 نمبر لے کر پہلی، عائشہ عمران نے دوسری اور چنیوٹ کالج کی مارج ناز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔دوسری جانب فیصل آباد میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے نتائج میں بینائی سے محروم طالب علم نے پوزیشن حاصل کرلی۔بینائی سے محروم طالب علم حسیب عباس نجی کالج کا طالب علم ہے اور نارمل بچوں کے ساتھ پڑھتا رہا ہے، اس نے ہیومینٹی گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ملتان: پرائیوٹ کالج کی 3 طالبات کی پہلی پوزیشن
ملتان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے رزلٹ کا اعلان کر دیا۔کنٹرولر امتحانات کے مطابق ملتان میں مجموعی طور پر 79 ہزار 489 طلباء نے امتحان دیا۔کنٹرولر امتحانات کے مطابق ملتان میں 50 ہزار 490 امیدوار کامیاب ہوئے۔ملتان میں 79 ہزار 489 طلباء نے امتحان دیا جبکہ کامیابی کا تناسب 63 فیصد رہا۔کنٹرولر امتحانات کا کہنا ہے کہ پرائیوٹ کالج کی 3 طالبات نے 1158 نمبرز لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
بہاولپور: حافظہ مہین نے پہلی پوزیشن لی
بہاولپور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے ایف اے، ایف ایس سی کے سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
کنٹرولر امتحانات کے مطابق امتحان میں 57 ہزار 660 میں 34 ہزار 689 امیدوار کامیاب قرار پائے جبکہ کامیابی کا تناسب 60 اعشاریہ 16 فیصد رہا۔کنٹرولر امتحانات کے مطابق حافظہ مہین نے 1156 نمبر لے کر پہلی، فاطمہ صدیق نے 1154 نمبر لے کر دوسری جبکہ محمد عبداللّٰہ امتیاز نے 1152 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سرگودھا: 35 ہزار 656 طلباء کامیاب
سرگودھا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے سالانہ امتحان 2024ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔سرگودھا میں 52 ہزار 475 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا جبکہ 35 ہزار 656 امیدوار کامیاب قرار پائے۔سرگودھا میں امتحان میں کامیابی کا تناسب 67.97 فیصد رہا۔
ڈیرہ غازی خان: روحا امین کی پہلی پوزیشن
ڈیرہ غازی خان کے انٹرمیڈیٹ بورڈ نے بھی انٹرمیڈیٹ پارٹ 2 کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔چیئرمین بورڈ ڈی جی خان نے کہا ہے کہ امتحان میں 60 ہزار 102 امیدواروں نے حصہ لیا تھا، جن میں سے 42 ہزار 341 امیدوار کامیاب ہوئے۔امتحان میں کامیابی کی شرح 70 اعشاریہ 45 رہی۔چیئرمین بورڈ کے مطابق مظفر گڑھ گرلز کالج کی روحا امین نے 1164 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔عزادار حسین نے دوسری اور لاریب فاطمہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔