228

لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا، کامیابی کا تناسب 63.36رہا


لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا، کامیابی کا تناسب 63.36رہا
مقامی ہوٹل میں لاہور بورڈ کی جانب سے پوزیشن ہولڈر طالب علموں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا 


5 ستمبر 2019  ، اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ لاہور نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات (انٹرپارٹll) کے تفصیلی نتائج کا اعلان کر دیا ہے،کامیابی کا تناسب 63.36فی صد رہا۔ رواں سال انٹر کے امتحانات میں 181587طالب علموں نے حصّہ لیا جب کہ 115049 نے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔لاہور بورڈ کی جانب سے انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کے اعزاز میں خصوصی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔وزیر تعلیم برائے سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مرادراس مہمان خصوصی تھے تقریب میں چیئرمین لاہوربورڈ پروفیسر چودھری محمد اسماعیل، سیکرٹری ڈاکٹر ریحانہ الیاس، کنٹرولر (امتحانات) پروفیسر انفاس احمد، پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات، ان کے والدین، اساتذہ اور شُعبہ تعلیم سے وابستہ نمایاں شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔وزیر تعلیم برائے سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مرادراس نے پوزیشن ہولڈرزمیں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔امیدواران کو پہلی، دوسری ،تیسری پوزیشن کے لئے تعریفی اسناد کے ساتھ ساتھ بالترتیب 20ہزار،15ہزار اور10ہزار روپے کے نقد انعامات اور سونے، چاندی اور کانسی کے میڈلز دئیے گئے۔ لاہور بورڈ کی جانب سے ان طالب علموں کے اساتذہ کو بھی میڈلز سے نوازا گیا جب کہ مجموعی طور پر بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم علی رضا رانا کو بورڈ کی طرف سے ایک لیپ ٹاپ بھی دیا گیا۔وزیر تعلیم برائے سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مرادراس نے کہا کہ قوم کے ہونہاروں کو اعلی ومعیاری تعلیم کی فراہمی کی غرض سے تعلیمی اصلاحات لائی جارہی ہیں وزیراعظم عمران خان کے تعلیمی ویژن کے مطابق رٹا ازم کے خاتمے اور تحقیقی علم کے فروغ کو رائج کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔انہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو مبارک باد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ محنت، لگن اور دیانت کو شعار بنا کر زندگی میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔چیئرمین لاہور بورڈ اور کنٹرولر امتحانات نے امتحانی نتائج کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ لاہور بورڈ نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئےنتائج کا اعلان وقت مقررہ پر کیا۔پروفیسر چودھری محمد اسماعیل نے بتایا کہ تفصیلی نتائج لاہور بورڈ کی ویب سائٹwww.biselahore.comپر اًپ لوڈ کر دئیے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے 80029پر نتائج معلوم کرنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔ سیکرٹری لاہور بورڈ ڈاکٹرریحانہ الیاس نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیے۔