339

پنجاب حکومت کا منسوخ امتحانات کے لیے 4 آپشنز پر غور

پنجاب حکومت کا منسوخ امتحانات کے لیے 4 آپشنز پر غور
طلباء کو گیارہویں اور انٹری ٹیسٹ کے نمبروں پر میڈیکل اور انجینئرنگ میں داخلے دیئے جائیں گے

لاہور،وزیر تعلیم برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں کا کہنا ہے کہ دسویں کے امتحانات کی مارکنگ ہوگی۔دسویں اور بارہویں کے امتحانات اگلے سال کمپوزٹ لینے کی بھی تجویز ہے تاہم حتمی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کا اجلاس صوبائی وزیر تعلیم اور وزیرہائر یجوکیشن کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں امتحانات منسوخی کے بعد کورونا کی صورت حال پر مختلف تجاویز تیار کی گئی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ یاسر نے کہا کہ میٹرک کے جو امتحانات ہوئے تھے ان کی مارکنگ ہوگی۔اصل مسئلہ انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات کا ہے جس کے لیے مختلف تجاویز ہیں۔طلباء کو گیارہویں اور انٹری ٹیسٹ کے نمبروں پر میڈیکل اور انجینئرنگ میں داخلے دیئے جائیں، جن بچوں نے اس سال سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کرنے تھی ان میں دو مضامین میں فیل طلبہ کو گریس مارکس دے کر پاس کردیا جائے، جن طلباء کو یہ آپشن منظور ہوگا ان کو پاس کر دیا جائے گا باقی اگلے سال امتحانات کا انتظار کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اس آپشن پر بھی غور کیا گیا کہ اسی کیٹیگری کے طلبہ کے امتحانات لئے جائیں جو میڈیکل اور انجینئرنگ میں داخلہ کے امیدوار ہیں۔
اس حوالے سے بھی طلبہ کا ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے کام جاری ہے اور تمام تجاویز وفاقی حکومت کو بھجوا رہے ہیں حتمی فیصلہ وہی کریں گے۔دوسری جانب کورونا وائرس کے بحران کے پیش نظر خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کی منسوخی کے فیصلہ کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں تین دن بعد اہم اعلان متوقع ہے، حکومت کو متعلقہ اداروں نے ایس او پیز کے ساتھ امتحانات کے انعقاد کی تجویز دیدی۔
اس ضمن میں وزارت تعلیم نے خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے 29 تعلیمی بورڈوں کے ساتھ اس مسئلہ پر بات چیت کی ہے تاہم کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تعلیمی بورڈز امتحانات کے انعقاد پر زور دے رہے ہیں، خیبر پختونخوا کے تعلیمی بورڈز نے بھی امتحانات کے انعقاد کی حمایت کی ہے، وزارت تعلیم نے جمعہ کو اس حوالہ سے فیصلہ کا عندیدہ دیا ہے۔