لاہور سمیت پنجاب کے دیگر بورڈز کے میٹرک امتحانات میں بھی سیکڑوں طلبہ کے 100 فیصد نمبرز ، دنیا حیران کر دیا
میٹرک امتحانات میں زیادہ نمبر لینے کے ماضی کے تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے، لاہور بورڈ میں707 امیدواروں نے100فیصدیعنی1100 میں سے 1100 نمبر حاصل کرلئے،
لاہور( ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب کے نو بورڈز کے میٹرک سالانہ امتحانات 2021ء میں بھی سیکڑوں طلبہ کے 100فیصد نمبر آگئے۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے زیراہتمام میٹرک امتحانات میں زیادہ نمبر لینے کے ماضی کے تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے، غیرسرکاری وغیرحتمی نتائج کے مطابق لاہور بورڈ میں707 امیدواروں نے100فیصدیعنی1100 میں سے 1100 نمبر حاصل کرلئے۔میٹرک کے امتحانات میں بھی طلبہ نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ، 600سے زائد طلبا نے 1100 میں سے 1100نمبر حاصل کیے۔
تفصیلات کے مطابق کامیابی کا تناسب98.5 فیصد رہا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا ، چیئرمین تعلیمی بورڈ ڈاکٹر مرزا حبیب نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ میٹر ک کے امتحانات کے لئے 3 لاکھ 7 سو 2 امیدواروں نے اپلائی کیا۔2 لاکھ 92 ہزار سے زائد کو رول نمبر سلپ جاری ہوئی جبکہ امتحانات میں 2 لاکھ 88 ہزار 6 سو 17 نے شرکت کی اور پاس قرار پائے۔ اے پلس گریڈ حاصل کرنے والے ساٹھ ہزار 692 ،اے گریڈ حاصل کرنے والے طلبا کی تعداد 26228،بی گریڈ حاصل کرنے والے طلبا 31915،سی گریڈ 44557،ڈی گریڈ طلبا 65ہزار 875اور ای گریڈ کی تعداد 59351رہی۔ ڈاکٹر مرزا حبیب کا کہنا تھاکہ جو بچے پاس ہوئے ہیں وہ پارٹ ون کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں اور جو نتائج سے مطمئن نہیں یا غیر حاضر رہے ان کے لیے گیارہ دسمبر سے خصوصی امتحان منعقد کیا جائے گا۔امیدواران اپنے داخلہ فارم سنگل فیس کے ساتھ یکم نومبر ، ڈبل فیس کے ساتھ 8 نومبر اور تین گنا فیس کیساتھ داخلہ فارم 15 نومبر تک جمع کروا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ میں 2 لاکھ 48 ہزار 156 امیدواروں نے حصہ لیا، 2 لاکھ 46 ہزار 392 امیدوار پاس ہوئے ،کامیابی کا تناسب 99.29 فیصد رہا۔ بورڈ کے اعلان کردہ نتائج میں 400 امیدوار وں نے 1100 میں سے 1100 نمبر حاصل کیے۔ فیصل آبادبورڈ کے 184734 طلباوطالبات نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 182958پاس ہوئے ،اس طرح کامیابی کا تناسب 99.04فیصد رہا۔ راولپنڈی بورڈ میں ایک لاکھ 32 ہزار 959 امیدواروں نے سالانہ امتحان میں حصہ لیا،ایک لاکھ 31 ہزار 631 نے کامیابی حاصل کی، کامیابی کا تناسب 99.01 فیصد رہا،1121 امیدوار فیل ہوئے۔ ساہیوال تعلیمی بورڈ کے امتحان میں 85 ہزار 339 طلبہ و طالبات شریک ہوئے ، جن میں سے 84 ہزار 683 امیدوار کامیاب قرار پائے ، کامیابی کا تناسب 99.22 فیصد رہا۔ ملتان بورڈ میں 130310 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی، 129455 طلبہ کامیاب ہوئے ، کامیابی کا تناسب 99.34 فیصد رہا۔سرگودھا بورڈ کے امتحان میں 84422امیدواروں نے حصہ لیا، 82593 امیدوارپاس قرار پائے ، کامیابی کا تناسب 97.83 فیصدرہا
166